Anurag-thakurs

 مرکزی وزیر انوراگ ٹھاکر کا متنازعہ بیان۔پہلے خلاباز ہنومان جی تھے

تازہ خبر قومی
 مرکزی وزیر انوراگ ٹھاکر کا متنازعہ بیان۔پہلے خلاباز ہنومان جی تھے

ویڈیو وائرل، X پر پوسٹ کے بعد سوشل میڈیا پر شدید  تنقید 

نئی دہلی :۔25؍اگست
(انٹرنیٹ ڈیسک)
بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے سینئر رہنما اور سابق مرکزی وزیر انوراگ ٹھاکر ایک بار پھر اپنے متنازعہ بیان کی وجہ سے شدید تنقید کی زد میں آ گئے ہیں۔ ہماچل پردیش کے اونا ضلع میں پی ایم شری اسکول میں منعقدہ "قومی خلائی دن” کی تقریب کے دوران طلبہ سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خلا میں جانے والے پہلے انسان دراصل ہنومان جی تھے۔
گفتگو کے دوران جب ٹھاکر نے طلبہ سے سوال کیا کہ پہلا خلائی مسافر کون تھا؟ تو طلبہ نے نیل آرمسٹرانگ کا جواب دیا۔ اس پر ٹھاکر مسکراتے ہوئے بولےمجھے تو لگتا ہے ہنومان جی (میرے خیال میں یہ ہنومان جی تھے)۔یہ بیان نہ صرف حقائق کے خلاف ہے بلکہ تاریخی طور پر بھی درست نہیں۔
سوویت خلاباز یوری گیگارین 1961 میں خلا میں جانے والے پہلے انسان تھے جبکہ امریکی خلاباز نیل آرمسٹرانگ 1969 میں چاند پر قدم رکھنے والے پہلے انسان بنے۔تقریب میں خطاب کرتے ہوئے پانچ بار کے ایم پی انوراگ ٹھاکر نے طلبہ اور اساتذہ پر زور دیا کہ وہ صرف نصابی کتب پر انحصار نہ کریں بلکہ ہزاروں سال پرانی روایت، علم اور ثقافت” کو بھی جانیں۔

ان کے بقول "جب تک ہم اپنی روایت اور علم کو نہیں پہچانیں گے، ہم ویسا ہی رہیں گے جیسا انگریز ہمیں سکھا گئے تھے۔بعد ازاں انوراگ ٹھاکر نے اپنی گفتگو کی ویڈیو سماجی رابطے کی ویب سائٹ X پر بھی شیئر کی، اس کیپشن کے ساتھ پاون پتر ہنومان جی پہلے خلاباز۔ ان کی اس پوسٹ کے بعد سے آن لائن شدید ردعمل سامنے آیا ہے سوشل میڈیا صارفین اور ناقدین نے اس بیان کو غیر سائنسی اور گمراہ کن قرار دیا۔
 کئی صارفین نے نشاندہی کی کہ انوراگ ٹھاکر نے اپنے بیٹے کو معیاری تعلیم کے لیے بیرونِ ملک بھیجا ہے لیکن ہندوستانی طلبہ کو "غلط علم” فراہم کر رہے ہیں۔ایک صارف نے لکھاکہ کلاس رومز میں تاریخ کو افسانوں سے بدلنا ہمارے آئین کی اس ضمانت کے ساتھ غداری ہے کہ ہم سائنسی مزاج پیدا کریں۔
جب لیڈر تاریخ میں ہیرا پھیری کرتے ہیں تو سچائی ختم ہو جاتی ہے۔یاد رہے کہ انوراگ ٹھاکر ہماچل پردیش سے پانچ بار پارلیمنٹ کے رکن منتخب ہو چکے ہیں اور مودی حکومت کی دوسری وزارت میں کھیل، نوجوانوں کے امور اور اطلاعات و نشریات کے مرکزی وزیر بھی رہ چکے ہیں۔