Trump

امریکہ نے ہندوستان پر 25 فیصد اضافی ٹیرف کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کردیا

تازہ خبر عالمی
امریکہ نے ہندوستان پر 25 فیصد اضافی ٹیرف کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کردیا
روس سے تیل خریدنے پر جرمانہ 
ہندوستانی برآمدات پر مجموعی محصولات 50 فیصد تک پہنچ گئے، تجارت متاثر
نئی دہلی/واشنگٹن:۔26؍اگست
 (انٹرنیٹ ڈیسک ایجنسیاں)
امریکی حکومت نے ہندوستان سے درآمدات پر 25 فیصد اضافی ٹیرف عائد کرنے کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔ یہ اضافی محصولات ہندوستانی وقت کے مطابق 27 اگست کی صبح 9:31 بجے (12:01 AM EST) سے نافذالعمل ہوں گے۔صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 6 اگست کو روس سے ہندوستان کی تیل کی درآمدات پر جرمانے کے طور پر یہ اقدام کرنے کا اعلان کیا تھا۔
 اس سے قبل 7 اگست کو تجارتی خسارے کے جواز میں 25 فیصد ٹیرف پہلے ہی عائد کیا جا چکا تھا۔ اس طرح بھارتی اشیاء پر مجموعی محصولات اب 50 فیصد تک جا پہنچے ہیں۔نوٹیفیکشن میں کہا گیا کہ اس دستاویز کی فہرست میں درج ڈیوٹیاں ہندوستان سے امریکہ لائی جانے والی تمام اشیاء پر لاگو ہوں گی،
خواہ انہیں استعمال کے لیے درآمد کیا جائے یا گودام سے باہر نکالا جائے۔گجرات کے ٹیکسٹائل تاجر آشیش گجراتی نے کہا کہ امریکی اقدام نے پوری صنعت کو متاثر کیا ہے۔
ان کا کہنا تھاکہ امریکہ گھریلو ٹیکسٹائل کا سب سے بڑا خریدار ہے۔ ہندوستان کی کل برآمدات کا تقریباً 35 فیصد امریکہ جاتا ہے۔ ابھی کوئی وضاحت سامنے نہیں آئی، تاہم امید ہے کہ 2 تا 3 ماہ میں کوئی حل نکل آئے گا۔ہندوستانی وزارت خارجہ نے اس فیصلے کو غلط اور غیر منصفانہ قرار دیا ہے۔
 وزارت کے ترجمان نے کہاکہ امریکہ نے حالیہ اقدام کے ذریعے روس سے ہندوستان کی تیل کی درآمدات کو نشانہ بنایا ہے، حالانکہ ہم واضح کرچکے ہیں کہ تیل کی خریداری بازار کے حالات کے مطابق ہوتی ہے تاکہ 140 کروڑ عوام کی توانائی کی ضروریات پوری کی جا سکیں۔ یہ افسوسناک ہے کہ بھارت پر اضافی محصولات عائد کیے جا رہے ہیں جبکہ دیگر کئی ممالک اپنے مفاد میں ایسا ہی کر رہے ہیں۔
ہندوستان اپنے قومی مفادات کے تحفظ کے لیے ہر ضروری قدم اٹھائے گا۔وزیر اعظم نریندر مودی نے ایک روز قبل احمد آباد میں خطاب کرتے ہوئے براہِ راست ٹرمپ کے محصولات کا ذکر تو نہیں کیا، تاہم کہاکہ میری حکومت چھوٹے کاروباریوں، کسانوں اور چرواہوں کو کسی بھی نقصان سے بچائے گی۔ چاہے جتنا بھی دباؤ آئے، ہم اپنی برداشت اور مزاحمت کی صلاحیت کو بڑھاتے رہیں گے۔