بنگلورو میں سلسلہ وار بم دھماکے کا منصوبہ ناکام

بین الریاستی تازہ خبر
بنگلورو میں سلسلہ وار بم دھماکے کا منصوبہ ناکام۔
دہشت گردی کے منصوبے کا پردہ فاش آتشیں اسلحہ کا بڑا ذخیرہ ضبط 
سینٹرل کرائم برانچ کے عہدیداروں نے پانچ مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا

بنگلورو:۔19؍جولائی
(زین نیوز ڈیسک)
کرناٹک کے دارالحکومت میں مبینہ طور پر دہشت گردانہ حملے کی منصوبہ بندی کے الزام میں سنٹرل کرائم برانچ (سی سی بی) نے آج بنگلورو میں پانچ مشتبہ افراد کو گرفتار کیا ہے۔

ایک مشترکہ کارروائی میں سینٹرل کرائم برانچ (سی سی بی) کےعہدیداروںنے دہشت گردی کے ایک مشتبہ ماڈیول کا پردہ فاش کیا اور پانچ مشتبہ افراد کو گرفتار کیا جو مبینہ طور پر شہر اور اس کے آس پاس تخریبی سرگرمیوں کو انجام دینے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔

پولیس بنگلورو کے آر ٹی نگر علاقے سے تعلق رکھنے والے ایک اور مشتبہ جنید کی تلاش میں ہے، جس کا موجودہ ٹھکانہ معلوم نہیں ہے، تاہم، پولیس کے مطابق، یہ شخص بیرون ملک مقیم سمجھا جاتا ہے اور اسے اسلحہ اور دھماکہ خیز مواد فراہم کرنے کا ماسٹر مائنڈ ہے۔

زیر حراست پانچوں، سہیل، عمر، زاہد، مدثر اور فیصل ، سبھی بنگلورو سے ہیں اور جن کی عمریں 25 سے 35 سال کے درمیان ہیںاس سے قبل 2017 میں گرفتار کیے گئے تھے اور 2019 میں رہا ہونے سے قبل قتل کے ایک مقدمے کے سلسلے میں 18 ماہ تک جیل میں تھے۔

سی سی بی نے ملزمان کے قبضے سے دھماکہ خیز مواد بھی برآمد کیا ہے۔ ان کے پاس بندوقیں اور خنجر بھی تھے۔پوچھ گچھ کے دوران مشتبہ افراد نے انکشاف کیا کہ وہ ایک دہشت گرد ملزم ٹی نذیر سے رابطے میں تھے، جو فی الحال بنگلورو سینٹرل جیل میں بند ہے۔

بنگلورو پولیس کمشنر دیانند بی کے مطابق ان پانچوں کو نذیر نے بنیاد پرست بنایا تھا۔ ملزمان بیرون ملک ایک اور شخص کے ساتھ 2017 کے قتل کیس کا حصہ تھے۔ مسٹر دیانند نے کہا کہ دہشت گردانہ سرگرمیوں کو انجام دینے کے لیے بیرون ملک سے انہیں ہتھیار فراہم کیے گئے۔

سینئر پولیس افسر نے مزید کہا کہ بنگلورو پولیس جنید کا سراغ لگانے کے لیے مرکزی ایجنسیوں کے ساتھ تال میل کر رہی ہے۔ کرناٹک میں قیدیوں کی مبینہ بنیاد پرستی نے خدشات کو جنم دیا ہے کہ یہ اصلاحی سہولیات دہشت گردوں کی افزائش گاہیں ہو سکتی ہیں۔

نذیربنگلورو میں 2008 کے سلسلہ وار دھماکے کیس میں ملزم ہے۔ ایک اور معاملے میں، محمد شارق جو گزشتہ سال منگلورو میں ہوئے ککر دھماکہ کیس کا کلیدی ملزم ہے، خیال کیا جاتا ہے کہ اسے بیلگاوی جیل میں ایک اور دہشت گرد ملزم نے بنیاد پرست بنایا ہے جسے حیدرآباد بم دھماکہ کیس کے سلسلے میں گرفتار کیا گیا تھا۔

جوائنٹ کمشنر آف پولیس ایس ڈی شرنپا نے کہا کہ مرکزی ایجنسیوں سے ملنے والی اطلاع کی بنیاد پر، سی سی بی حکام نے ملزمان پر نظر رکھی اور انہیں گرفتار کیا۔ملزمان کو مزید تفتیش کے لیے تحویل میں لے لیا گیا ہے اور اس کیس میں ممکنہ طور پر ملوث دیگر افراد کا سراغ لگانے کی کوششیں جاری ہیں۔