مولانا آزاد نے ہمیشہ حق گوئی اور عدل پسندی سے کام لیا : پروفیسر عین الحسن

ادبستان تازہ خبر تلنگانہ
مولانا آزاد نے ہمیشہ حق گوئی اور عدل پسندی سے کام لیا : پروفیسر عین الحسن
 اردو یونیورسٹی میں پروفیسر عزیز الدین کی کتاب”مولانا آزاد کے مراسلات کا کلینڈر“کی رسم اجرا
حیدرآباد:۔ 20مئی
 (ای۔میل)
 مولانا ابولکلام آزاد ایک ہمہ جہت اور دور اندیش شخصیت کے مالک تھے جنہوں نے ہمیشہ حق گوئی اور عدل پسندی سے کام لیا۔ پروفیسر سید عین الحسن،وائس چانسلر مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی نے ان خیالات کا اظہار مرکزمطالعات
اردو ثقافت، مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی کے زیر اہتمام پروفیسر سید محمد عزیزالدین حسین کی کتاب  بعنوان ”مولانا آزاد کے مراسلات کا کلینڈر ”  کی رسمِ اجراء  کے دوران جمعہ 19 مئی کو منعقدہ تقریب کے دوران کیا۔
 اس کتاب کے مرتبین میں پروفیسر عزیز الدین کے علاہ ڈاکٹر شیخ محبوب باشا، شعبہ تاریخ، نظامت فاصلاتی تعلیم،مانو اور ڈاکٹر احمد، پی جی ٹی، تاریخ،مانو ماڈل اسکول بھی شامل ہیں۔
پروفیسرسید عین الحسن نے اپنے صدارتی خطبے میں مولانا آزاد کی شخصیت اور خدمات کے متعلق تفصیلی گفتگو کی اورکہا کہ  وہ ہر مذہب، ہر فرقے اور ہر زبان کی فلاح و بہبود کے لیے کو شاں رہے۔ انھوں نے ہمیشہ محبت اور بھائی چارگی کا پیغام دیا۔
 پروفیسر سید محمد عزیزالدین حسین نے مولانا آزاد کی شخصیت اور ان کے خطوط کے متعلق سیر حاصل گفتگو کی۔ انھوں نے مزید کہا کہ مولانا ایک بے باک اور صاف گو انسان تھے۔ مولانا آزاد کانگریس کے ایک مضبوط سپاہی تھے۔ انھوں نے کانگریس میں رہ کر پارٹی کے متعدد منصوبوں اور اقدامات کی مخالفت کی لیکن پارٹی سے خود کو کبھی الگ نہیں کیا۔
 ڈاکٹر کھانڈے پرویز، اسسٹنٹ پروفیسر، شعبہء تاریخ نے کہا کہ اس مجموعے میں بہت سے ایسے خطوط موجود ہیں، جو جدید ہندوستان پر تحقیق کرنے والے طلبا ء کے لیے انتہائی مفید ثابت ہوں گے۔
ڈاکٹر احمد خان، ڈائرکٹر، مرکز مطالعات اردو ثقافت نے خیر مقدمی کلمات پیش کیے جبکہ اظہار تشکر کا فریضہ ڈاکٹر اکرام الحق، اسسٹنٹ پروفیسر، شعبہ تاریخ نے انجام دیا۔  تقریب کا آغاز ڈاکٹر عمران عاطف، اسسٹنٹ پروفیسر، شعبہء اسلامک اسٹڈیز کی تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ اس کے بعد یونیورسٹی کا ترانہ پیش کیا گیا۔
پروفیسر صدیقی محمد محمود، او ایس ڈی۔II، پروفیسر علیم اشرف جائسی، ڈین، اسٹوڈنٹس ویلفیئر، پروفیسر دانش معین، شعبہ تاریخ، پروفیسر رفیع اللہ، شعبہ تاریخ، پروفیسر اقبال حبیب، شعبہ اسلامک اسٹڈیز، پروفیسر شاہد نوخیز، مرکز مطالعات اردو ثقافت، ڈاکٹر فیروز عالم، شعبہ اردو، ڈاکٹر ابو شہیم خان، شعبہ اردوکے علاوہ بڑی تعداد میں اساتذہ اور طلبہ نے شرکت کی۔