مہاراشٹر کے تھانے میں گرڈر مشین مزدوروں پر گر گئی، 17 ہلاک
متعدد زخمی ۔ہلاکتوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ
تھانے:۔یکم؍اگست
(زین نیوز ڈیسک)
مہاراشٹر کے تھانے میں سمردھی ایکسپریس ہائی وے پر پیر کی دیر رات ایک المناک حادثہ پیش آیا۔ شاہ پور کے قریب سرالمبے میں ہائی وے پر پل کی تعمیر کے دوران گرڈر لانچنگ مشین گرنے سے 17 مزدوروں کی موت ہو گئی۔
حکام کےمطابق اس واقعہ میںسائٹ انجینئرز اور 12 کارکنوں سمیت کم از کم 17 افراد ہلاک ہو گئے۔یہ ایک خاص مقصد والی موبائل گینٹری کرین تھی جو پل کی تعمیر میں اور ہائی وے کی تعمیر کے منصوبوں میں پری کاسٹ باکس گرڈرز لگانے کے لیے استعمال ہوتی تھی۔
یہ واقعہ صبح تقریباً ایک بجے شاہ پور تھیسل کے کھٹادی سرلمبے گاؤں میں پیش آیا۔ تین افراد زخمی ہوئے جنہیں فوری طبی امداد کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ متوفی کی نعشوں کےپوسٹ مارٹم کے لیے شاہ پور کے سرکاری ہسپتال منتقل کیا گیا
بتایا جاتا ہے کہ شاہراہ پر رات گئے تعمیراتی کام جاری تھا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق گرڈر مشین رات ڈیڑھ بجے کے قریب 100 فٹ کی بلندی سے نیچے گری۔ ابھی بھی کچھ مزدوروں کے اس کے نیچے دبنے کا خدشہ ہے۔نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس یا این ڈی آر ایف کی دو ٹیمیں اس مقام پر کام کر رہی ہیں۔
این ڈی آر ایف کے اسسٹنٹ کمانڈر سارنگ کوروے نے بتایا کہ بچاؤ کا کام صبح 5:30 بجے سے جاری ہے۔ دراصل گرڈر مشین کے زیادہ وزن کی وجہ سے اسے جلدی سے نہیں ہٹایا جا سکا۔
صبح 8 بجے کے قریب کرین کے پہنچنے کے بعد ہی بچاؤ کام میں تیزی آئی۔ اطلاعات کے مطابق شاہ پور سب ڈسٹرکٹ ہسپتال میں 1نعشیں لائی گئی ہیں۔
اس واقعے کے حوالے سے مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے کہا کہ مہلوکین کے اہل خانہ کو 5 لاکھ روپے کا معاوضہ دیا جائے گا۔ یہ ایک افسوس ناک واقعہ ہے۔ سوئس کمپنی یہاں کام کر رہی تھی۔ واقعے کی تحقیقات کی ہدایات دے دی گئی ہیں۔
دسمبر 2022 میں اس کے افتتاح کے بعد سے 6 مہینوں میں 88 لوگوں کی جانیں گئیں ، سمردھی ایکسپریس وے پر 846 حادثات ہو چکے ہیں۔ ان میں سے 105 حادثات جان لیوا تھے جن میں 100 سے زائد افراد ہلاک ہوئے۔ تمام حادثات میں 660 افراد زخمی ہوئے۔
ان حادثات میں 87 سنگین نوعیت کے تھے جن میں 232 افراد کو شدید چوٹیں آئیں، 215 معمولی نوعیت کے تھے، جن میں 428 افراد کو معمولی چوٹیں آئیں جب کہ 275 ایسے تھے کہ کوئی زخمی نہیں ہوا۔