جگتیال میں خطرناک ڈکیتی گینگ گرفتار
پولیس کی بڑی کامیابی12 تولہ سونا، نقدی، وبائل فون اورکار برآمد
جگتیال16؍اگست
( نمائندہ زین نیوز)
جگتیال رورل پولیس نے ایک بڑی کارروائی میں ایسے خطرناک ڈکیتی گینگ کو گرفتار کیا ہے جو کئی اضلاع میں پے در پے وارداتوں میں ملوث رہا ہے۔ پولیس کے مطابق یہ ملزمان نہ صرف جگتیال بلکہ اطراف کے اضلاع میں بھی طویل عرصے سے چوریوں کی وارداتیں انجام دیتے رہے ہیں۔
ڈی ایس پی رگھو چندر نے میڈیا کو بتایا کہ مصدقہ اطلاع ملنے پر سی آئی جگتیال رورل اور ایس آئی رائیکل ا اپنی ٹیم کے ہمراہ رائیکل کے مضافات میں للیتا مندر کے قریب واقع آم کے باغ میں چھاپہ مار کر گینگ کے تین ارکان کو گرفتار کیا۔ ان کے قبضے سے 12 تولہ سونا، 15 ہزار روپے نقدی، تین موبائل فون اور ایک آئی۔20 کار برآمد کی گئی۔ یہ تمام سامان رائیکل پولیس اسٹیشن کے حدود میں درج چھ مختلف مقدمات سے متعلق ہے۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت ونم پاپیا، ونم رامو اور داسری روی کے طور پر ہوئی ہے۔ یہ تینوں ایک منظم گینگ کی شکل میں جگتیال، رائیکل، ملیال، بھوپال پلی، بھدرادری،کوتہ گوڑم اور اطراف کے علاقوں میں درجنوں وارداتیں کرچکے ہیں۔ اب تک ان کے خلاف 30 سے زائد مقدمات درج ہیں۔
ایک اور ملزم جگن ناتھم کرشنا تاحال فرار ہے، جس کی گرفتاری کے لیے چھاپے جاری ہیں۔ڈی ایس پی رگھو چندر نے مزید کہا کہ ان ملزمان کو ’’عادی مجرمین‘‘ کی فہرست میں شامل کرتے ہوئے ان پر سخت نگرانی رکھی جائے گی تاکہ مستقبل میں کسی بھی واردات کو روکا جا سکے۔
اس کارروائی کو کامیاب بنانے پر سرکل انسپکٹر سدھاکر، ایس آئی سدھاکر، ایس آئی سدھیر راؤ اور پولیس اہلکار ایچ سی گنگادھر اور سمن راؤکو ڈی ایس پی رگھو چندر نے شاباشی دی اور نقد انعام سے نوازا۔پولیس کا کہنا ہے کہ عوام کے تعاون اور بروقت اطلاع دینے سے ہی ایسے مجرمین کو قانون کے شکنجے میں لایا جا سکتا ہے۔