دہلی میں گھنی دھند کے باعث 50 پروازیں، 36 ٹرینیں تاخیر کا شکار

تازہ خبر قومی
دہلی۔این سی آر‘ اور دیگر ریاستوں میں کپکپا دینے والی سردی۔15جنوری تک اسکولس بند
نئی دہلی: ۔10؍جنوری
(زیڈ این ایم ایس)
دہلی سمیت پورا شمالی ہندوستان اس وقت شدید سردی کی لپیٹ میں ہے۔ شدید سردی کے درمیان دہلی۔این سی آر سمیت شمالی ہندوستان کی کئی ریاستیں دھند کی چادر میں لپٹی ہوئی ہیں۔ کئی مقامات پر حد نگاہ صفر اور 50 میٹر کے درمیان رہ گئی۔
شدید سردی کی وجہ سے کئی اضلاع میں اسکول 15جنوری تک بند کردیئے گئے ہیں۔ دھند کے باعث ٹرینوں اور ہوائی پروازوں کا آپریشن بھی متاثر ہوا ہے۔
 گھنی دھند کے باعث کئی ٹرینیں تاخیر کا شکار ہوئیں جبکہ کئی منسوخ کردی گئیں۔ پروازیں بھی تاخیر سے اڑ رہی ہیں۔محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) کے مطابق پنجاب کے بھٹنڈہ، یوپی کے آگرہ، بریلی اور لکھنؤ میں صبح 5:30 بجے حد نگاہ صفر ریکارڈ کی گئی۔
 اس کے ساتھ ہی ہریانہ، چندی گڑھ اور دہلی کے کئی علاقوں میں حد نگاہ صفر تھی۔ اس کے علاوہ امرتسر میں حد نگاہ 25 میٹر ریکارڈ کی گئی۔ وہیں دہلی کے صفدرجنگ اور پالم میں 25 میٹر حد نگاہ ریکارڈ کی گئی۔

دہلی میں گھنے دھند کے پیش نظر شمالی ریلوے کے علاقے میں تقریباً 36 ٹرینیں تاخیر سے چل رہی ہیں، جیسا کہ خبر رساں ایجنسی اے این آئی نے اطلاع دی ہے۔
 قومی دارالحکومت میں دھند کی وجہ سے کچھ پروازیں (دہلی-کھٹمنڈو، دہلی-جے پور، دہلی-شملہ، دہلی-دہرادون، دہلی-چندی گڑھ-کلو) تاخیر کا شکار ہیں۔ شمالی ہندوستان میں دھند کی وجہ سے کئی ٹرینیں تاخیر کا شکار ہوئیں۔
 اے این آئی نے ایک مسافر کے حوالے سے بتایا کہ "میں گورکھپور جا رہا ہوں۔ میری ٹرین دھند کی وجہ سے 4-4.5 گھنٹے کی تاخیر سے چل رہی ہے۔”
موسم کی خرابی کی وجہ سے دہلی ہوائی اڈے پر تقریباً 40 پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں۔ اے این آئی نے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے اطلاع دی کہ صبح 7 بجے تک فلائٹ ڈائیورشن کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔
 دہلی کے ہوائی اڈے پر خراب موسم کی وجہ سے تقریباً 50 ملکی پروازوں کی روانگی میں تاخیر ہوئی۔ 18 آنے والی پروازیں (گھریلو) بھی تاخیر کا شکار ہوئیں۔
محکمہ موسمیات نے دہلی، پنجاب، ہریانہ، شمالی راجستھان کے کچھ علاقوں، مشرقی مدھیہ پردیش اور اتر پردیش میں اسی طرح کی شدید سردی کے جاری رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔
 دہلی میں گھنی دھند اور آلودگی نے تباہی مچا رکھی ہے۔ دہلی کا ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) انتہائی خراب زمرے میں ہے۔ دہلی کا اوسط AQI 350 سے زیادہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔