Ambedkar Jayanti JAGTIAL

ڈاکٹر بی آر امبیڈکر نے سماج کے ہر طبقہ کو مساوی حقوق، آزادی اور عزت دی

تازہ خبر تلنگانہ
ڈاکٹر بی آر امبیڈکر نے سماج کے ہر طبقہ کو مساوی حقوق، آزادی اور عزت دی
ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر جینتی کے موقع پر جگتیال میں شاندار تقاریب کا انعقاد
جگتیال، 14 اپریل
( نامہ نگار)
ہندوستانی آئین کے معمار اور عظیم رہنما ڈاکٹر بابا صاحب بھیم راؤ امبیڈکر کی 134 ویں جینتی کے موقع پر جگتیال ضلع میںشاندار تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔مرکزی تقریب تحصیل چوراستہ جگتیال پرمنعقد ہوئی جس میں محتلف محکموں سے تعلق رکھنے والے عہدیداروں کے علاوہ شہر جگتیال کی مختلف اہم شخصیات نے شرکت کی۔
 اس موقع پر گورنمنٹ ویپ اڈلوری لکشمن کمار،سابق ایم ایل سی و سینئر کانگریس لیڈر ٹی۔ جیون ریڈی‘ جگتیال رکن اسمبلی، ضلع کلکٹر جگتیال ستیہ پرساد، ایڈیشنل کلکٹر بی ایس لتا، ضلع ایس پی اشوک کمار، نے ڈاکٹر امبیڈکر کے مجسمہ پر پھول مالائیں چڑھا کر انہیں بھرپور خراج عقیدت پیش کیا۔
اس تقریب میں دلت تنظیموں اور مختلف سیاسی جماعتوں کے قائدین ‘ مرکزی کمیٹی ملت اسلامیہ جگتیال کے ذمہ داران نے بھی شرکت کی اور ڈاکٹر امبیڈکر کے مجسمے پر پھول نچھاور کر کے ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ضلع بھر میں مختلف مقامات پر بھی جینتی تقاریب کا اہتمام کیا گیا، جن میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کرتے ہوئے ڈاکٹر امبیڈکر کی تعلیمات کو یاد کیا۔
اس موقع پر مقررین نے ڈاکٹر امبیڈکر کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ نہ صرف آئین ساز تھے بلکہ ایک عظیم سماجی مصلح بھی تھے جنہوں نے برابری، آزادی، تعلیم اور سماجی انصاف کے لیے ناقابلِ فراموش جدوجہد کی۔ جنہوں نے سماجی امتیاز پر قابو پاکر اعلیٰ تعلیم حاصل کی اور دنیا کے سب سے بڑے تحریری آئین کی تیاری میں کلیدی کردار ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر امبیڈکر نے ہندوستانی سماج میں دلتوں، غریبوں اور خواتین کو مساوی عزت و وقار دلانے کی بھرپور کوشش کی۔ وہ صرف آئین ساز ہی نہیں بلکہ سماجی برابری، آزادی، تعلیم اور مزدوروں کے حقوق کے لیے بھی ایک عظیم مجاہد تھے۔ ان کے خیالات آج بھی معاشرتی ترقی کے لیے رہنما اصول کی حیثیت رکھتے ہیں ہر فرد کو چاہیے کہ وہ ڈاکٹر امبیڈکر کے اصولوں پر عمل کرتے ہوئے مساوات پر مبنی سماج کی تشکیل میں اپنا کردار ادا کرے۔
اس پروگرام میں ایڈیشنل ایس پی بھیم راؤ، ڈی سی آر بی ڈی ایس پی سریش، ایس بی انسپکٹر عارف علی خان، ریزرو انسپکٹر وینو، ریزرو سب انسپکٹرز اور پولیس اسٹاف‘ کانگریس قائد بنڈا شنکر‘ صدرمرکزی کمیٹی محمد عبدالباری‘ یوتھ لیڈر محمد مکثر علی نہال‘  نے شرکت کی۔