Mumbai Rain

مہاراشٹر:ممبئی میں موسلادھار بارش، اسکولوں و کالجوں میں تعطیل 

بین الریاستی تازہ خبر
مہاراشٹر:ممبئی میں موسلادھار بارش، اسکولوں و کالجوں میں تعطیل 
ٹریفک جام، ٹرینوں اور پروازوں میں تاخیر؛ عوام کو گھروں میں رہنے کی اپیل 
ممبئی: 18 اگست
 (زیڈ این میڈیا سرویس)
ممبئی اور مضافات میں پیر کی صبح سے موسلادھار بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے جس کے سبب کئی علاقے زیرِ آب آگئے۔ شدید پانی بھراؤ کی وجہ سے سڑکوں پر طویل ٹریفک جام لگ گیا ہے۔ برہان ممبئی میونسپل کارپوریشن (بی ایم سی) نے تمام اسکولوں اور کالجوں میں چھٹی کا اعلان کر دیا ہے اور عوام سے اپیل کی ہے کہ غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں۔
محکمہ موسمیات نے آئندہ چند گھنٹوں کے لیے ممبئی میں مزید موسلادھار بارش کا الرٹ جاری کیا ہے۔ بارش کے باعث ایئرپورٹ پر پروازیں اوسطاً 54 منٹ تاخیر سے روانہ ہو رہی ہیں جبکہ لوکل ٹرینیں بھی 15 سے 20 منٹ کی تاخیر سے چل رہی ہیں۔مدھیہ پردیش کے اندور میں پیر کی سہ پہر شدید بارش کے دوران زیر تعمیر پانی کے ٹینک کی دیوار گر گئی، جس کے نتیجے میں تین مزدور جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہوگیا۔

 پولیس نے لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا ہے اور واقعہ کی تحقیقات کا اعلان کیا ہے۔ہماچل پردیش میں گزشتہ تین روز سے طوفانی بارش نے نظامِ زندگی مفلوج کر دیا ہے۔ چندی گڑھ-منالی فور لین سمیت تین نیشنل ہائی وے اور ریاست کی 400 سڑکیں بند پڑی ہیں۔ اتراکھنڈ میں گنگوتری اور یمونوتری شاہراہیں بھی کئی مقامات پر ٹوٹ پھوٹ اور سیلاب کی وجہ سے بند ہیں۔
مہاراشٹر کے ناندیڑ ضلع میں پیر کی صبح بادل پھٹنے کے واقعہ کے بعد صورتحال سنگین ہوگئی۔ مسلسل بارش کے باعث پانچ افراد لاپتہ ہیں جبکہ دو سو سے زائد افراد پھنسے ہوئے ہیں۔ فوج اور ایس ڈی آر ایف کی ٹیمیں راحت و بچاؤ کے کام میں مصروف ہیں اور مقامی افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے۔مہاراشٹر کے تھانے شہر میں بھی موسلادھار بارش کے بعد کئی علاقوں میں پانی بھر گیا ہے۔ آمد و رفت میں دشواریاں بڑھ گئی ہیں اور شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے