کہیں ہمارا ایمان خطرے میں تو نہیں؟
تحریر :محمد عادل ارریاوی
ایک مؤمن کی سب سے قیمتی متاع اس کا ایمان ہے۔ حتی کہ اس کے مال اس کی جان اور اس کی عزت سے بھی زیادہ قیمتی ہے اور قیمتی کیوں نہ ہو کہ یہی تو وہ نعمت ہے جو اگر کسی کے پاس رتی بھر بھی ہو تو وہ آقائے نامدار سید المرسلین حضرت محمد مصطفٰی صلی اللّٰہ علیہ وسلم کی شفاعت سے بہر مند ہوگا اور نہ ہو تو ان کی شفاعت سے محروم ہو جائے گا اور ہمیشہ ہمیشہ کے لیے جہنم کی ہولناکیوں میں بھٹکنا اس کا مقدر بنے گا۔
ہائے افسوس کہ جس قدر یہ قیمتی چیز ہے اسی قدر آج کا مسلمان اس کی حفاظت سے غافل ہے ۔ آج عامۃ الناس کی ایک اکثریت ایسے جہلاء پر بنی ہے جن کی ساری فکر دال روٹی کے گرد ہی گھومتی ہے، ایمان و نظریات سے انہیں دور کا بھی واسطہ نہیں، چنانچہ اپنی جاہلیت کی بنا پر کبھی ایسے ایسے جملے بھی بول جاتے کہ ایمان کی دولت سے تہی دامن ہو جاتے ہیں۔
اور ایک دوسری اکثریت بھی ہے جس میں بڑے بڑے پڑھے لکھے، دانشور ذی استعداد قسم کے لوگ شامل ہیں لیکن نہیں سمجھتے کہ ایمان کیا ہے اور اس کے تقاضے کیا ہیں؟ چنانچہ ایسے ان کے گمراہ کن نظریات اور ایسی ان کی باتیں ہوتی ہیں کہ بیچارے ایمان سے محروم ہوتے ہیں بلکہ دوسروں کا ایمان خراب کرنے پر بھی کمر بستہ ہوتے ہیں۔
ایسے ہی پرفتن دور کے بارے میں نبی علیہ الصلوۃ والسلام نے فرمایا کہ ایک وقت آئے گا کہ ایک شخص رات کو سوئے گا تو ایمان والا ہو گا صبح اٹھے گا تو ایمان سے محروم ہو گا اسی طرح صبح اٹھے گا تو ایمان والا ہو گا اور رات کو کافر ہو چکا ہوگا ۔ (صحیح مسلم، کتاب الإيمان، حدیث نمبر ۱۱۸) اللہ تعالی اس محرومی سے ہماری حفاظت فرمائے۔
ذرا غور کریں جس ایمان کی حفاظت کے لیے ہمارے اسلاف نے اپنا سب کچھ قربان کردیا، جس کی خاطر لوگوں نے گھر بار چھوڑے، مصائب و آلام برداشت کیے اور اپنی جانوں تک کے نذرانے پیش کردیے، آج ہم اسی ایمان کے معاملے میں کس قدر بے فکر اور غافل ہوتے جارہے ہیں ہماری زبانیں بے لگام ہیں، ہمارے نظریات غیر محفوظ ہیں ہم آج موجودہ دور میں سوشل میڈیا پر کچھ بھی لکھنے بولنے اور شیئر کرنے سے پہلے یہ تک نہیں سوچتے کہ ہماری یہ بات کہیں ہمارے ایمان ہی کے لیے خطرہ تو نہیں بن رہی؟
کبھی مذاق و دل لگی میں کبھی کسی کی خوشنودی حاصل کرنے کے لیے اور کبھی اپنی نام نہاد روشن خیالی کے اظہار میں ایسے الفاظ زبان سے نکال دیتے ہیں جن کے انجام سے خود بھی واقف نہیں ہوتے۔ دنیا کی کوئی کامیابی، کوئی منصب، کوئی شہرت اور کوئی دولت ایسی نہیں جسے ایمان کی سلامتی پر ترجیح دی جاسکے۔ اس لیے ضروری ہے کہ ہم اپنی زبان، اپنے قلم، اپنے خیالات اور اپنے نظریات کی حفاظت کریں اور وقتاً فوقتاً اپنا محاسبہ کرتے رہیں کہ کہیں ہم انجانے میں اپنے ایمان کی دولت سے محروم ہونے کا راستہ تو اختیار نہیں کررہے ہیں؟
ذرا اپنے دل سے پوچھئیے کہ جس ایمان کو لے کر ہم دنیا میں آئے ہیں، کیا اسی ایمان کے ساتھ دنیا سے رخصت بھی ہوں گے؟ جس زبان سے کلمۂ توحید کا اقرار کرتے ہیں، کہیں اسی زبان سے کوئی ایسا لفظ تو ادا نہیں ہوجاتا جو ہماری آخرت برباد کردے؟ جس قلم سے ہم اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہیں، کہیں وہی قلم ہمارے ایمان کے لیے آزمائش تو نہیں بن رہا؟
ہمارا ایمان کوئی معمولی دولت نہیں کہ اسے غفلت کی نذر کردیا جائے، یہ وہ امانت ہے جس کی حفاظت زندگی کے آخری سانس تک ہر حال میں ضروری ہے۔ اس لیے اپنے ایمان کے معاملے میں بے خوف نہیں، بیدار رہیے کہیں ایسا نہ ہو کہ دنیا کو جیتنے کی دھن میں ہم اپنی آخرت ہار بیٹھیں۔ اللہ ربّ العزت ہم سب کو ایمان کی قدر داں بنائے اور خاتمہ بالخیر فرمائے آمین یارب العالمین۔
