سدی پیٹ میں چیف منسٹر کے جلسہ سے قبل بی آر ایس قائدین اور کارکنوں کی احتیاطی تحویل
صرف سدی پیٹ شہر میں 200 سے زائد کارکنوں کو حراست میں لیے جانے کا دعویٰ
سدی پیٹ:۔19/نومبر
(زین نیوز رپورٹر)
کے جمعرات کی شام سدی پیٹ قصبہ میں منعقد ہونے والے جلسہ عام سے قبل بی آر ایس کے کئی قائدین اور کارکنوں کو پولیس نے احتیاطی تحویل میں لے لیا۔ سدی پیٹ، گجویل،دوباک اور دیگر علاقوں میں جمعرات کی صبح سے ہی پولیس نے سرگرم بی آر ایس قائدین اور کارکنوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے انہیں حراست میں لیا۔
پولیس کی جانب سے یہ کارروائی چیف منسٹر کے جلسہ کے دوران کسی بھی قسم کی ناخوشگوار صورتحال سے بچنے اور جلسہ کے پرامن انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے کی گئی۔ تاہم، بی آر ایس قائدین نے الزام عائد کیا کہ پولیس نے انہیں حراست میں لینے کے بعد نامعلوم مقامات پر منتقل کردیا ہے۔
حراست میں لیے گئے بعض قائدین نے اپنی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر پوسٹ کرتے ہوئے پولیس کارروائی کی اطلاع دی۔بی آر ایس کے ایک قائد کے مطابق، صبح 10 بجے تک صرف سدی پیٹ شہر میں ہی پارٹی کے 200 سے زائد کارکنوں کو پولیس نے حراست میں لے لیا تھا۔
سدی پیٹ کو گزشتہ ڈھائی دہائیوں سے زائد عرصہ سے بی آر ایس کا مضبوط سیاسی مرکز تصور کیا جاتا ہے، جس کے پیش نظر چیف منسٹر کے جلسہ کے انتظامات اور سکیورٹی کو لے کر پولیس نے بڑے پیمانے پر اقدامات کیے۔جلسہ کے پیش نظر سدی پیٹ شہر میں ہزاروں پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا گیا، جس کے باعث شہر میں سخت حفاظتی انتظامات دیکھے گئے۔
بعض پولیس اہلکاروں کو سادہ لباس میں بھی مختلف مقامات پر گشت کرتے ہوئے دیکھا گیا، جبکہ بی آر ایس قائدین اور عام شہریوں کی نقل و حرکت پر بھی نظر رکھی گئی۔محکمہ انٹیلی جنس کی جانب سے مبینہ طور پر یہ اطلاع دی گئی تھی کہ بی آر ایس کارکن چیف منسٹر کے جلسہ کے دوران مقامی مسائل اٹھاتے ہوئے احتجاج یا کسی قسم کی خلل اندازی کرسکتے ہیں۔
اسی اطلاع کے پیش نظر پولیس نے احتیاطی اقدامات کرتے ہوئے سرگرم بی آر ایس قائدین اور کارکنوں کو تحویل میں لے لیا۔ پولیس کی اس کارروائی پر بی آر ایس قائدین نے اعتراض کرتے ہوئے اسے سیاسی سرگرمیوں کو روکنے کی کوشش قرار دیا
👈 یہ بھی پڑھیں : نرمل میں سنسنی خیز واقعہ، زیر تعمیر عمارت کی تیسری منزل سے خاتون نے چھلانگ لگادی* کلک کیجیے

