جگتیال میں 13 ستمبر کو میگا لوک عدالت، مقدمات کی یکسوئی اور صلح کا موقع
ضلع ایس پی جگتیال اشوک کمارکی شہریوں سے استفادہ کی اپیل
جگتیال 12/ستمبر
(اسٹاف رپورٹر)
ضلع جگتیال میں 13 ستمبر برو ز ہفتہ بوقت صبح 10؍بجے سےجگتیال کورٹ میںقومی میگا لوک عدالت منعقد کی جائے گی۔ ضلع ایس پی اشوک کمار آئی پی ایس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس اہم موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنے چھوٹے مقدمات میں صلح کریں تاکہ مقدمات کی یکسوئی ممکن ہو اور عدالتی نظام پر دباؤ کم کیا جا سکے۔
انہوں نے بتایا کہ اس دن کرمنل کمپاؤنڈ ایبل مقدمات، سول تنازعہ مقدمات، املاک کی تقسیم کے مقدمات، خاندانی انتظامی امور، ازدواجی زندگی سے متعلقہ مقدمات، بینک ریکوری، بجلی کی چوری، چیک باؤنس کے مقدمات، نشہ آور حالت میں ڈرائیونگ، چھوٹے چوری کے مقدمات اور دیگر صلح پذیر کیس شامل ہوں گے، جن میں فریقین صلح کے ذریعے اپنا تنازعہ ختم کر سکتے ہیں۔
جگتیال ضلع ایس پی نے زور دے کر کہا کہ شہری چھوٹے مقدمات کو طویل عرصے تک نہ بڑھائیں بلکہ میگا لوک عدالت کے ذریعے فوری صلح کریں تاکہ وقت اور پیسہ دونوں بچائے جا سکیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ عمل "لوک راہ صلح” کا بہترین موقع ہے جو عدالتی ڈھانچے کی بہتری اور عوامی فلاح کے لیے مہیا کیا جا رہا ہے۔
پولیس افسران، عدالت کے فرائض انجام دینے والے کانسٹیبلز اور دیگر پولیس اہلکاروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ مقدمات کی نشاندہی کریں، متعلقہ فریقین کو بلائیں، کاؤنسلنگ کریں اور انہیں صلح کے لیے قائل کریں تاکہ مقدمات پر جلد از جلد فیصلہ ممکن بنایا جا سکے۔
ضلع ایس پی اشوک کمار نے یقین دلایا کہ میگا لوک عدالت کے ذریعے متاثرین کو جلد از جلد انصاف فراہم کیا جائے گا اور مقدمات کی طویل کارروائی سے نجات حاصل ہوگی، جس سے عدالتی نظام مزید موثر اور عوام دوست بنے گا۔