KTR & Bandi Sanjay

حیدرآباد:مرکزی وزیر بنڈی سنجے کے خلاف کے ٹی آر کا 10 کروڑ روپے ہتک عزت کا مقدمہ

تازہ خبر تلنگانہ
حیدرآباد:مرکزی وزیر بنڈی سنجے کے خلاف کے ٹی آر کا 10 کروڑ روپے ہتک عزت کا مقدمہ
حیدرآباد:۔15؍ستمبر
(زین نیوز)
فون ٹیپنگ کے معاملے میں بھارتیہ راشٹرا سمیتی (بی آر ایس) کے ورکنگ صدر کے ٹی راما راؤ (کے ٹی آر) نے اپنے خلاف الزامات عائد کرنے پر کریم نگر کے رکن پارلیمنٹ اور مرکزی وزیرِ امورِ داخلہ بَنڈی سنجے کمار کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔
اس سلسلے میں کے ٹی آر نے سٹی سول کورٹ میں 10 کروڑ روپے ہرجانہ کا ہتک عزت مقدمہ دائر کیا ہے۔کے ٹی آر نے اپنی عرضداشت میں عدالت سے مطالبہ کیا ہے کہ بَنڈی سنجے کی جانب سے لگائے گئے ہتک آمیز الزامات کو حذف کیا جائے، مرکزی وزیر کو غیر مشروط عوامی معافی پر مجبور کیا جائے، اور مستقبل میں مزید ہتک آمیز بیانات یا اشاعتوں کو روکنے کے لیے مستقل حکم امتناعی جاری کیا جائے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ ہی کے ٹی آر نے بَنڈی سنجے کو قانونی نوٹس روانہ کی تھی، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ فون ٹیپنگ کے معاملے پر لگائے گئے الزامات بے بنیاد، من گھڑت اور محض سیاسی مفادات کے لیے عائد کیے گئے ہیں تاکہ ان کی ساکھ کو نقصان پہنچایا جا سکے۔
 پی وی جنانی اینڈ اسوسی ایٹس سے تعلق رکھنے والے اپنے وکیل پی وشاجانی کے ذریعے کے ٹی آر نے اس درخواست میں بعض میڈیا اداروں اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو بھی شامل کیا ہے جنہوں نے یہ الزامات شائع یا پھیلائے تھے۔
نوٹس میں مزید کہا گیا تھا کہ 8 ستمبر کو منعقدہ پریس کانفرنس میں بَنڈی سنجے نے اپنے منصب کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے ایسے بے بنیاد بیانات دیے جن کے حق میں کوئی ثبوت یا شواہد موجود نہیں تھے۔ کے ٹی آر کے مطابق ایک مرکزی وزیر کی جانب سے ایسے غیر ذمہ دارانہ اور تضحیک آمیز بیانات نہ صرف ان کی ذاتی ساکھ بلکہ عوامی نمائندوں کے وقار، اعتماد اور جمہوری اقدار کو بھی نقصان پہنچاتے ہیں۔
کے ٹی آر نے واضح طور پر مطالبہ کیا تھا کہ بَنڈی سنجے غیر مشروط طور پر معافی مانگیں بصورتِ دیگر ان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ چونکہ مقررہ مدت میں بَنڈی سنجے کی جانب سے کوئی جواب نہیں دیا گیا، اس لیے کے ٹی آر نے اب حیدرآباد سٹی سول کورٹ میں 100 کروڑ روپے ہرجانہ کا مقدمہ دائر کر دیا ہے۔