Sushila-karki-kathmandu PM

سشیلا کارکی نیپال کی عبوری وزیر اعظم ، آج رات حلف لیں گی 

تازہ خبر عالمی
سشیلا کارکی نیپال کی عبوری وزیر اعظم ، آج رات حلف لیں گی
کٹھمنڈو/نئی دہلی، 12؍ستمبر
(انٹرنیٹ ڈیسک)
نیپال کی سابق چیف جسٹس سشیلا کارکی کو عبوری وزیر اعظم نامزد کر دیا گیا ہے۔ وہ آج رات 8:45 بجے راشٹرپتی بھون میں حلف لیں گی۔ یہ فیصلہ نیپال میں بغاوت کے تین دن بعد فوج، صدر اور جنرل زیڈ لیڈروں کی کئی میٹنگوں کے بعد کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق کلمن گھیسنگ، اوم پرکاش آریال اور بالانند شرما بھی وزیر کے طور پر آج حلف اٹھا سکتے ہیں۔ سشیلا کارکی نیپال کی پہلی خاتون چیف جسٹس رہ چکی ہیں اور انہوں نے بنارس ہندو یونیورسٹی (BHU) سے پولیٹیکل سائنس میں پوسٹ گریجویشن کیا تھا۔نیپال کے صدر رام چندر پاڈیل نے پارلیمنٹ کو تحلیل کر دیا ہے۔
 جنرل زیڈ کے رہنما مسلسل اس مطالبے پر بضد تھے کہ پرانی پارلیمنٹ ختم کر کے عبوری حکومت قائم کی جائے۔ آج فوج اور جنرل زیڈ لیڈروں کے درمیان مذاکرات کے دوسرے دور میں اسی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ عبوری حکومت کے قیام کی تیاریوں کے ساتھ ہی نیپال میں بدعنوانی کے خلاف تحریک اور سوشل میڈیا پابندی کے دوران بھارتی صحافیوں پر حملوں کے کئی واقعات سامنے آئے ہیں۔
آج بھی دو ہندوستانی صحافیوں کو زدوکوب کیا گیا اور ان پر "غلط رپورٹنگ” کا الزام لگایا گیا۔9؍ستمبر کو جنرل زیڈ مظاہرین نے نیپال میں بغاوت کرتے ہوئے پارلیمنٹ، راشٹرپتی بھون اور وزیر اعظم کے پی ایم اولی کی ذاتی رہائش گاہ کو آگ لگا دی تھی۔
 اس دوران اب تک 51 افراد ہلاک اور 1000 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔ فوج اب بھی دارالحکومت میں گشت کر رہی ہے جبکہ دکانیں کھلنے لگی ہیں اور ملبہ ہٹایا جا رہا ہے۔ ہندوستان نے اپنے شہریوں کو نکالنے کے لیے خصوصی پروازیں شروع کر دی ہیں۔
 آندھرا پردیش کے 140 افراد بحفاظت واپس لوٹ آئے ہیں۔ کئی ہندوستانی شہری سونولی اور پانیٹنکی سرحدوں سے بھی وطن واپس جا رہے ہیں۔ دہلی-کھٹمنڈو بس نیپال میں پھنسی ہوئی ہے، جبکہ ایودھیا سے 8 مسافر ہلسا میں پھنس گئے ہیں۔
 ہندوستانی والی بال ٹیم کو نئی دہلی کے سفارت خانے نے بچایا، ٹیم کی رکن اپاسنا گل کی ویڈیو اپیل سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی۔ایس ایس بی نے نیپال کی جیل سے فرار ہونے والے 67 قیدیوں کو ہندوستانی سرحد میں داخل ہوتے ہوئے گرفتار کیا ہے۔
 غازی آباد کے شہری راجیش گولا ہوٹل میں آتشزدگی کے باعث جاں بحق ہوگئے۔ اس واقعے کے بعد ہوٹل کا کاروبار 50 فیصد گر گیا ہے جبکہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں بھی نمایاں اضافہ دیکھا جا رہا ہے