تلنگانہ :کری پف میں سانپ کا بچہ ۔عوام میں خوف و غصہ
تلنگانہ جڑچرلہ:۔13؍اگست
(عبدالستار عاشق)
حالیہ دنوں میں باہر کا کھانا کھانے سے عوام میں تشویش بڑھتی جارہی ہے۔ کبھی کھانوں میں چھپکلی، کبھی چوہے اور اب تو سانپ کے بچے تک برآمد ہو رہے ہیں، جس سے صارفین شدید حیرت اور خوف میں مبتلا ہیں۔ بعض ہوٹل اور بیکریاں صفائی ستھرائی کے بنیادی اصولوں کو نظر انداز کر کے گاہکوں کی صحت اور جان سے کھیل رہی ہیں۔
چند روز قبل اتر پردیش کے چوبے پور میں پراٹھے سے چھپکلی برآمد ہوئی تھی، اور ایک اور واقعے میں پنیڑ کری میں گوشت کے ٹکڑے پائے گئے تھے۔ یہ واقعات ابھی عوام کے ذہنوں سے محو بھی نہ ہوئے تھے کہ تلنگانہ میں ایک اور لرزہ خیز واقعہ پیش آ گیا
تلنگانہ کے محبوب نگر ضلع کے جڑچرلہ کے جوقی نگر کی رہائشی شری شائل نامی خاتون نے اپنے بچوں کو اسکول سے گھر لاتے ہوئے راستے میں جڑچرلہ پولیس اسٹیشن کے حدود میں واقع بیکری سے انڈہ پف اور کری پف بیکری سے خریدا ۔بچے وہیں انڈہ پف کھا گئے جبکہ کری پف خاتون گھر لے آئیں۔ گھر پہنچ کر جب شری شائل نے کری پف کھانا شروع کیا تو اچانک اس میں سے مردہ سانپ کا بچہ برآمد ہوا۔
یہ منظر دیکھ کر وہ ششدر رہ گئیں اور فوراً پولیس اسٹیشن پہنچ کر شکایت درج کرائی۔شکایت موصول ہونے پر ایس آئی کملارکر نے فوری طور پر متعلقہ بیکری کا دورہ کیا اور ابتدائی تفتیش کے بعد فوڈ انسپکٹر کو اطلاع دی۔
فوڈ انسپکٹر نے معاملے کی جانچ شروع کر دی ہے اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی تیاری کی جا رہی ہے۔واقعہ کی تصاویر سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں، جس نے عوام میں غم و غصے کی لہر دوڑا دی ہے اور کھانے پینے کی اشیاء میں صفائی کے معیار پر سنجیدہ سوالات اٹھا دیے ہیں حیران کن اور خوفناک واقعہ نے عوام کو ہلا کر رکھ دیا۔
خاتون فوراً گھبرا کر پولیس اسٹیشن پہنچیں اور شکایت درج کروائی۔ شکایت کنندہ نے اس واقعے کی مکمل تفصیلات فوڈ انسپکٹر اور متعلقہ عہدیداروں کو فراہم کرتے ہوئے واقعے کی سنگینی بیان کی۔
بعد ازاں میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے بتایا کہ یہ لمحہ ان کی زندگی کے لیے انتہائی خوفناک تھا۔مقامی سب انسپکٹر کملارکر نے میڈیا نمائندوں کو بتایا کہ واقعہ کی فوری تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں اور بیکری کے کھانے کے نمونے لیبارٹری بھیجے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ معاملہ انتہائی سنجیدہ ہے اور ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
بازاروں میں ناقص اور ملاوٹی کھانے پینے کی اشیاء کا فروخت ہونا کوئی نیا مسئلہ نہیں۔ آئے دن ایسی شکایات موصول ہوتی ہیں کہ کھانے میں جھینگر، چھپکلی اور دیگر خطرناک کیڑے مکوڑے پائے جا رہے ہیں۔ اس کے باوجود عوام ان خطرات کو نظر انداز کر کے یہ چیزیں کھانے پر مجبور ہیں۔
ماہرین صحت کے مطابق، ایسی غفلت سنگین بیماریوں اور جان لیوا حالات کا باعث بن سکتی ہے۔ اس لیے ضروری ہے کہ متعلقہ ادارے سخت نگرانی اور فوری ایکشن کے ذریعے عوام کو محفوظ اور معیاری خوراک فراہم کریں